بھٹکل 20؍اگست (ایس او نیوز) انجمن آرٹس ، سائنس اور کامرس کالج و پی جی سنٹر کی طرف سے ہر سال کی طرح امسال بھی والدین ، سابق طلبہ اور اساتذہ کی ایک مشترکہ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ اور کالج کی ہمہ جہتی ترقی و استحکام اور بہتری کے موضوع پر صلاح و مشورہ کیا گیا۔
نشست میں والدین کو طلبہ کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا پورا خاکہ سمجھایا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپال پروفیسر مشتاق شیخنے بتایا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں اساتذہ اور انتظامیہ کے علاوہ والدین اور عوام کے صلاح و مشوروں کی بہت زیادہ اہمیت ہوتی ہے اگر ہمیں والدین کے ذریعے صحیح مشورہ ملتا ہے تو کالج میں ضروری تبدیلیاں کرتے ہوئے کئی خامیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے اور طلبا کو مزید سہولیات فراہم کرنے میں آسانی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی سے ادارے کی ترقی کے لئے راہیں کھلتی ہیں۔
میٹنگ میں انجمن کے ذمہ داران سمیت طلبا کے والدین اور انجمن کے سابق طلبہ وغیرہ کثیر تعداد میں شریک ہوئے اور کئی ایک نے اپنے مفید مشوروں سے نوازا۔
رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری محمد یونس قاضیا بطور مہمان خصوصی تشریف فرما تھے، انجمن کے ایڈیشنل سکریٹری محمد اسحاق شاہ بندری، کالج بورڈ سکریٹری جاوید حُسین آرمار نیز دیگر لیکچررس و پروفیسرس اسٹیج پر موجود تھے، ہر ایک نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔